Highlights

لاہور کی پانچ تحصیلوں میں پولٹری یونٹس کی تقسیم

 حلال گوشت کی پیداواری صلاحیت بڑھاکر نہ صرف لائیو سٹاک مصنوعات کو بڑھایا جا سکتا ہے بلکہ غذائی قلت پر بھی قابو پایا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر لائیو سٹاک لاہور ڈویڑن ڈاکٹر نعیم کنور نے سول ویٹرنری ہسپتال ہربنس پورہ لاہور میں پولٹری یونٹس کی تقسیم کے دوران کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے پروگرام برائے فروغِ دیہی مرغبانی کے تحت محکمہ لائیو سٹاک ضلع لاہور میں تحصیل کی سطح پر پولٹری یونٹس کی تقسیم کے لیے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن کے دوران مجموعی طور پر 90 پولٹری یونٹس تقسیم کیے گئے۔ ہر یونٹ 12 نر مرغوں پر مشتمل تھا جن کی عمر 2 ماہ اور وزن 500 گرام تھا۔ اس چار سالہ ترقیاتی منصوبہ کے تحت صوبہ بھر میں 20 لاکھ پرندے تقسیم کیے جائیں گے جس کا مقصد مرغبانی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ حیوانی لحمیات کی کمی پورا کرنا اور لائیو سٹاک مصنوعات کی برآمدات سے محصولات کے حصول میں اضافہ کرنا ہے۔ سول ویٹرنری ہسپتال میں منعقدہ تقریب میں ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک لاہور ڈاکٹر زبیر باری سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔