Highlights

اینٹی مائکروبیئل مزاحمت بارے فلیمنگ فنڈ کے وفد کی وزیر و سیکرٹری لائیو سٹاک سے ملاقاتیں

لائیوسٹاک سیکٹر کی بہتری کیلئے تحقیقی شعبہ جات خصوصی اہمیت کے حامل ہیں: وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک
محکمہ لائیوسٹا ک میں اینٹی مائیکروبیئل مزاحمت (AMR)بارے اہم اجلاس

 لائیوسٹاک سیکٹر کی ترقی و ترویج میں تحقیقی شعبہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے جس کی مالی معاونت بارے حکومت سنجیدگی سے کوشاں ہے۔یہ بات وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک نے فلیمنگ فنڈ (برطانیہ)کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے تحقیقی معاونتی ادارے فلیمنگ فنڈ کی پاکستان ٹیم نے وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک اور سیکرٹری لائیوسٹاک کیپٹن (ر)ثاقب ظفر سے الگ الگ ملاقات کی۔ فلیمنگ فنڈ کی کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر عائشہ رشید نے ادارے کی پاکستان میںسرگرمیوں بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اینٹی مائیکروبیئل مزاحمت (AMR)ایک ابھرتا ہوا چیلنج ہے جس سے ملکی سطح پر نبردآزما ہونا نہایت ضروری ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ فلیمنگ فنڈ 2019سے حکومت پاکستان سے مل کر ہیلتھ اور لائیوسٹاک کے شعبہ میں معاونت کر رہا ہے جس سلسلہ میں نیشنل ویٹرنری لیبارٹری ،پولٹری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور صوبائی تشخیصی لیبارٹری لاہور کے ساتھ مشترکہ تحقیق کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیر لائیوسٹاک نے جانوروں میں پائی جانے والی اینٹی مائیکروبیئل مزاحمت(AMR) بارے فلیمنگ فنڈ کی کوششوں کا خیر مقدم کیا اور محکمہ لائیوسٹاک کی طرف سے مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے اس تحقیق کے دوران انفراسٹرکچر بارے مالی معاونت پر فلیمنگ فنڈ کا شکریہ ادا کیا۔ سیکرٹری لائیوسٹاک کیپٹن (ر)ثاقب ظفر نے برطانوی ادارے کی جانب سے اینٹی مائیکروبیئل مزاحمت (AMR)کے خلاف تحقیق کے پہلے مرحلہ میں کی جانے والی سرویلنس کو سراہا ۔ ان اجلاسوں میں ایڈیشنل سیکرٹریز ،ڈائریکٹر جنرل(ریسرچ)،ڈائریکٹر ڈیزیز رپورٹنگ سمیت فلیمنگ فنڈ کی کنٹری ٹیم نے بھی شرکت کی۔